ہوٹل انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج ہونے پر مریم نواز کا شدید ردعمل

لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا بدلہ عوام سے مت لو، کبھی کسی حکومت کو اتنی نیچ حرکتیں کرتے نہیں دیکھا، لاہوری انہی حرکتوں کے خاتمے کیلئے باہر نکلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کل لوگ مزاق میں کہہ رہے تھے کہ کرسی اور ٹینٹ سروس والوں کے بعد عمران خان اب ہوٹل والوں کے پیچھے پڑ جائے گا مگر گھبراہٹ اور خوف کا یہ عالم ہے کہ مزاق بھی حقیقت میں ڈھل گیا۔یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گذشتہ روز نکالی جانے والی ریلی کے خلاف

لاہور کے تین مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی جانب سے ریلی نکالنے جانے پر اچھرہ، گوالمنڈی اور لوہاری تھانے میں مقدمات درج کر لیے گئے جس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، روڈ بلاک، اشتعال انگیز تقاریر کی دفعات شامل ہیں ان مقدمات میں سینکڑوں لیگی کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزام میں مریم نواز نے جس ہوٹل میں کھانا کھایا اُس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پی ڈی ایم کو 13 دسمبر کو جلسے کی اجازت نہ دینےکی منظوری دے دی گئی۔پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جلسہ کرنے پر پی ڈی ایم کے تمام رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ مینار پاکستان کو جانے والے راستے بند نہیں کئے جائیں گے، اگر بہت ضروری ہوں تو صرف دو مقامات پر کنٹینرز کھڑے کئے جا سکتے ہیں۔اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی کہ مینار پاکستان میں 13دسمبر سے متعلق تھریٹ الرٹس موجود ہیں ، کورونا ایس او پیز اورکوویڈ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر حکومت پنجاب کی جانب سے قانونی ایکشن لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ محکمہ داخلہ کے اجلاسوں کے بعد معاملہ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی میں رکھا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں