پاکستان کی معروف شخصیت انتقال کرگئی

کراچی (نیوز ڈیسک)تاجر رہنما سراج قاسم تیلی دبئی میں وفات پاگئے۔سراج قاسم تیلی نمونیا کے باعث دبئی کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ گزشتہ 2 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔سراج قاسم تیلی کا شمار نہ صرف کراچی بلکہ ملک کے بڑے تاجروں میں ہوتا تھا اور وہ کراچی کے حوالے سے ہمیشہ ایک توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔وہ ملک کی معاشی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور انہیں خدمات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔کراچی کے معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور انفرا اسٹرکچر

کی بہتری کے لیے آواز اٹھانے والوں میں سراج قاسم تیلی ہمیشہ سرگرم عمل رہتے تھے۔سراج قاسم تیلی 17 مئی 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1974 میں گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس سے گریجویشن کیا۔ سراج قاسم تیلی کراچی چیمبر کے صدر بھی رہ چکے تھے۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے معروف صنعت کار سراج قاسم تیلی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، مرحوم کراچی کی کاروباری برادری کے اہم رکن تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مرحوم کے خاندان اور تاجر برادری سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سراج قاسم تیلی ایک اچھے انسان اور بہترین دوست تھے۔وہیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں سراج قاسم تیلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ میں کراچی کی تاجر برادری کو درپیش مسائل پر ان سے مسلسل رابطے میں رہتا تھا اور ان کے تجربے اور مشورے سے سیکھتا تھا۔ان کی وفات پر کراچی ایوان صنعت و تجارت کے صدر شارق وہرہ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سراج قاسم تیلی اس ملک کا اثاثہ تھے اور وہ صرف کراچی نہیں پورے پاکستان کی تاجر برادری کے لیڈر تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں