چین کی کورونا ویکسین تیار ہوگئی تو پاکستانیوں کو مفت ملے گی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی ہارون رشید کا کہنا ہے کہ کچھ اچھی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں، برطانیہ نے ملک میں کورونا ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔وہ ستر فیصد موثر ہے جبکہ اسے -70 گریڈ پر رکھنا پڑتا ہے۔امریکا میں بھی جلد اجازت ملنے والی ہے۔چین بھی کوشش کر رہا ہے اور اگر چینی ویکسین کامیاب ہوگئی تو پاکستانیوں کو مفت ملے گی، آپ کو کوئی پیسہ خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔اگر اخراجات ہوئے بھی تو برائے نام ہوں گے لیکن چینی ویکسین پاکستان کو مفت فراہم کی جائے گی۔

سینئر صحافی نے مزید کہا کہ ویکسین بننے میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ لگیں گے تب تک لوگ کچھ احتیاط کریں اور کچھ صبر کرلیں ۔ہر طرف بے احتیاطی کی جارہی ہے، لوگ مارکیٹوں میں بھی گھوم پھر رہے ہیں جبکہ جلسے جلوس بھی ہو رہے ہیں۔ کوروناویکسین اگلے سال کے وسط تک آ جائے گی تب تک لوگوں کو احتیاط سے کام لینا چاہیے۔واضح رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکیسن کی لاکھوں خواراکیں تیار کر لیں، شینجن ائیرپورٹ پر ویکیسن کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ آرڈر ملتے ہی ویکسین روانہ کر دی جائے گی۔ چین کے شینجن ائیرپورٹ پر محفوط انداز میں کورونا وائرس کی ویکیسن کی دیگر ممالک کو ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔کورونا وائرس کی ویکیسن کے گوداموں میں داخلے کے لیے ہر فرد کا دو ہفتے کا قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔چین کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کورونا کی ویکیسن کے آرڈر ملتے ہی یہ ویکیسین ان کی جانب روانہ کر دی جائے گی۔چین کا مزید کہنا ہے کہ ویکیسن کی فراہمی کارگو جیٹ طیاروں کے ذریعے کی جائے گی جہاں اس ویکسین کو کنٹرولڈ درجہ حرارت میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں