کالج سے اغواء ہونیوالی طالبہ بازیاب ، خاتون نے وزیراعظم کو فرشتہ قرار دیدیا

لاہور (نیوز ڈیسک) دو سال سے لاپتہ طالبہ کو سٹیزن پورٹل کی مدد سے بازیاب کروا لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق دو سال قبل کالج سے اغواء ہونے والی طالبہ کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کیے گئے سٹیزن پورٹل کی مدد سے بازیاب کروا لیا گیا ۔ طالبہ کی بازیابی پر اس کی والدہ نے وزیر اعظم عمران خان کو فرشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچی کا بازیاب ہونا ہمارے لیے معجزہ ہے اور عمران خان ہمارے لیے فرشتہ ثابت ہوئے، جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔طالبہ کے اغواء کے بعد اس کے گھر والے پولیس اور عدالت کے چکر لگاتے رہے، والدہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سٹیزن پورٹل

پر شکایت درج ہوئی وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور ہمارے بیٹی ہمیں واپس مل گئی۔ سٹیزن پورٹل پر اپنی بیٹی کے اغوا کی شکایت درج کروانے والی خاتون نے بتایا کہ ہم نے تھانے میں شکایت درج کرائی لیکن پولیس اہلکاروں نے بیٹی کی بازیابی کےلیے ہم سے رشوت مانگی، ہم نے بچی کی خاطر پولیس کو 20 ہزار روپے دئیے لیکن پھر بھی پولیس نے بچی کو بازیاب نہیں کرایا۔خاتون نے بتایا ہم نے ہم چیف جسٹس صاحب کے پاس بھی گئے جس پر انہوں نے پولیس کو بیٹی کو بازیاب کرانے کا حکم دیا تاہم پولیس نے چیف جسٹس کا حکم بھی ماننے سے انکار کردیا۔ پولیس نے ہمیں کہا کہ اپنی بچی کو بھول جاو اور اگر واپس آنی ہوئی تو دو دو سال بعد بھی بچیاں واپس آجاتی ہیں لیکن ہم نے جیسے ہی سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی وزیراعظم نے ہماری شکایت پر نوٹس لیا اور بچی کو واپس ہم سے ملادیا۔عمران خان ہمارے لیے کسی فرشتے سے کم نہیں ہے، بچی کی بازیابی ہمارے لیے کسی معجزہ سے کم نہیں ہے۔دوسری جانب سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مقامی حکومت کا ایسا نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی اور اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہو گی۔انہوں نے کہا کہ غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہریوں کے ہوتے ہیں، عوام کی خدمت کرنا حکومت کا فرض ہے، 30 لاکھ لوگوں نے سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا، ہمارے ملک میں بلدیاتی حکومت کا نظام ٹھیک طرح نہیں چل رہا تاہم ہم نئی طرز کا بلدیاتی حکومت

کا نظام لائے ہیں جس سے نچلی سطح پر فنڈز جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیزن پورٹل میں سب سے بڑا مسئلہ سامنے آیا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کام نہیں کرتا لیکن اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی، ہم ایسا لوکل گورنمنٹ نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے سٹیزن پورٹل کا بھرپور استعمال کیا ہے، سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں، کوئی اے سی، ڈی سی یا تھانے دار تنگ کرے تو لوگ سٹیزن پورٹل پر شکایت کریں، ہم سٹیزن پورٹل کو مزید بہتر اور مضبوط کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں