پاکستان میں جلسوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو کیا ہوسکتا ہے، فافن نےخبردار کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) انتخابی عمل کا جائزہ لینے والے ادارے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے کورونا وائرس کی دوسری لہر سے سیاسی قیادت کو خبردار کر دیا۔فافن اور ٹرسٹ فارڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاونٹبلیٹی نے کورونا پر پہلی رسپانس مانیٹرنگ رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق کورونا کی دوسری لہر میں سیاست بازی اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کا فقدان پالیسی چیلنج کا سبب بن سکتا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ اگر توجہ نہ دی گئی تو پہلی لہر کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن تحریک کے نتیجے میں اکتوبر میں وبا

کی قانونی نگرانی کم سیاسی اقدامات زیادہ کیے گئے، پالیسی اورعملدرآمد کی سطح پر صحت سے متعلق گورننس کے سنگین چیلنجوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ کورونا میں اضافے کی روک تھام کے لیے حکومت کی طرف سے مزید سنجیدہ اور خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔رپورٹ کے مطابق فرنٹ لائن پر اس مرض کا مقابلہ کرنے والوں اور دیگرمتعلقہ شراکت داروں کی استعدادکار کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد(پی ڈی ایم) نے لاہور میں پنڈال سجانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ن لیگ کی جانب سے حکمت عملی بنانے اور مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے خواتین پارلیمنٹیرنز کو خصوصی ٹاسک سونپنے کا پلان بنالیا ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم کا جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دوبارہ درخواست بھی دائر کردی گئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ڈی ایم کے نو کارکنوں کی نظر بندی کا حکم معطل کردیا ہے اور ڈی سی فیصل آباد سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیے ہیں۔لاہور میں جسلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیانات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کےمزید3 ہزار 262 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4لاکھ10ہزار72 تک پہنچ چکی ہے۔پاکستان میں کورونا کے3لاکھ 50 ہزار305 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور51ہزار507 زیر علاج ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار115 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سندھ میں 2 ہزار983، خیبر پختونخوا ایک ہزار 389، اسلام آباد 332، گلگت بلتستان 98، بلوچستان 169 اور آزاد کشمیر میں 174 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد31 ہزار639، خیبرپختونخوا 48 ہزار264، سندھ میں ایک لاکھ 79 ہزار240، پنجاب ایک لاکھ 21 ہزار753، بلوچستان 17 ہزار333، آزاد کشمیر 7 ہزار151 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 692 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں