محمد عامر نے میچ میں ہونیوالے جھگڑے سے متعلق حقائق بتادیئے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ لنکا پریمیئر لیگ 2020ء کے دوران نوجوان افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے انہیں غدار کہا تھا جس پر ان کے ساتھ غیر مہذب الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ محمد عامر گال گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیل رہے ہیں جبکہ نوین الحق کینڈی ٹسکرز کا ایک حصہ ہیں۔ عامر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میچ کی صورتحال کے مدنظر میرا رویہ بھی جارحانہ تھا اور نوین الحق بھی مجھے طیش دلاتا رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نوین الحق جھوٹا ہے، میں نے ان کے بارے میں یا افغانستان کے بارے میں کبھی کوئی منفی تبصرہ نہیں کیا،

وہ مجھے غدار کہہ کر مسلسل بدسلوکی کا نشانہ بنارہا تھا اور بولا کہ مجھے 5 سال تک جیل جانا چاہئے تھا۔عامر نے کہا کہ میچ کے دوران ایک کھلاڑی کے دل کی دھڑکن 170-200 تک ہوتی ہے لہذا کوئی شخص سیدھا سوچنے کے قابل نہیں ہوتا ہے تاہم اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔عامر نے مزید کہاکہ نوین الحق نوجوان کھلاڑی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ سیکھ لے گا کیوں کہ یہ کرکٹ کا ایک حصہ ہے۔ عامر نے انکشاف کیا کہ وہ بیسمنٹ میں بھی کھیلتے ہوئے الجھنا شروع ہوجاتے تھے ۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ باؤلرز کو اپنی بولنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیوں کہ ان کا مقصد بلے باز کو پوویلین بھیجنا ہوتا ہے ۔ سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے نوین الحق کو جو کہا ، اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ شاہد بھائی نے اسے بتایا کہ سینئرز کے ساتھ سلوک کرنے کا یہ طریقہ نہیں ہے ، یہ صرف ایک کھیل ہے جس میں کبھی بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ایل پی ایل میں کینڈی ٹسکرز کے افغان فاسٹ بولر نوین الحق اور گال گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی تھی۔محمد عامرکی جانب سے چوکا لگانے پر افغان بولر نوین آپے سے باہر ہوگئے، بولر نے عامر کو برا بھلا کہا گیا جس پر عامر نے بھی جواب دیا اور اگلے ہی اوور میں پھر چھکا لگادیا جب کہ میچ ختم ہونے کے بعد بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی جاری رہی۔میچ کے بعد شاہد آفریدی نے بھی افغان بولر نوین الحق پر اپنے غصے کا اظہار کیا اور نوین الحق کو آنکھیں دکھائیں یہی نہیں آفریدی نے افغان بولر پر غصہ دکھایا اور پھر معاملہ حل کرنے کا کہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں