سونے کی قیمت میں ایک ساتھ زبردست کمی

کراچی(نیوز ڈیسک)ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 1150 روپےکی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 15 امریکی ڈالر سستا ہوا جس کے بعد بین عالمی مارکیٹ میں قیمت فی اونس 1772 امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 15 ڈالر کی کمی سے 1772ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیرکو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1150روپے اور 986 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 108850روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 93321روپے ہوگئی۔بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہناہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2000روپے کم رہی ہے تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1180روپے پر مستحکم رہی اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 1011روپے 65پیسے پر مستحکم رہی۔کرونا وائرس کی وباء کے دوران لوگوں کا سرمایہ کاری کیلئے رجحان سونے کی جانب رہا، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان تھا تاہم کرونا ویکسین کی مؤثر دوا کی تیاری کی خبروں کے بعد سونے کے نرخ میں کمی نظر آرہی ہے۔عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونا مزید 15 ڈالر کمی سے 1772 ڈالر کا ہوگیا۔ کچھ عرصہ قبل انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کے نرخ 2054 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے تھے۔صراف ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی کے نرخ 1180 روپے جبکہ 10 گرام 1011.65 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 0.46 ڈالر سستی ہوکر 22.24 ڈالر کی ہوگئی۔پاکستان میں یکم جولائی 2020ء کو سونے کے فی تولہ نرخ ایک لاکھ 5 ہزار 200 روپے جبکہ یکم جنوری 2020ء کو 88 ہزار 150 روپے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں