مولانا فضل الرحمان کی عوام، فوج، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک پیج پر آنےکی دعوت

پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ناجائزنااہل حکومت کیخلاف عوام، فوج، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کو ایک پیج پر آنا ہوگا، بیوروکریسی تو نااہل حکومت کے جانے پرمٹھائی بانٹیں گی،ریاست معاشی بحران کا شکار ہے، ریاست کے دفاع کے ذمہ داروں نے حکومت کی پشت پناہی نہ چھوڑی گئی تو پھر ہم کہنے میں سنجیدہ ہوں گے کہ آپ بھی ریاست کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جب کوئی بہانہ نہیں ملا تو کہہ دیا کہ کورونا کا خطرہ ہے، آپ کوویڈ 19کی بات کررہے ہیں جبکہ ہم

کوویڈ 18کی بات کررہے ہیں، انشاء اللہ پشاور جلسہ ہوگا اور حکمرانوں کے حواس اڑ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کل یہاں پشاور میں ایک بہت عظیم الشان اور تاریخی عوامی جلسہ ہونے جا رہا ہے، ناجائز حکمرانوں کی طرف سے بہت کوشش کی گئی کہ یہ جلسہ نہ ہو، کوئی اور وجہ نہ ملی تو پھر کہا کہ کورونا کاخطرہ ہے، ہمارے نزدیک یہ ناجائز حکومت سب سے بڑا کورونا ہے، اس سے جان چھوٹ جائے تو قوم شفایاب ہوجائے گی۔فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئے، نظام میں تبدیلی لانا ہوگی تاکہ مرضی کے نتائج نہ بنائے جاسکیں، پی ڈی ایم کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا، پوری یکسوئی کے ساتھ تمام جماعتیں آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے مستقبل میں جلسوں کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر کو لاڑکانہ اور30 نومبر کو ملتان میں جلسہ ہوگا۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ عوامی تحفظ کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ سیاست کی جا رہی ہے، اپوزیشن ایسے وقت جلسے کرنے پر بضد ہے جب کورونا پھیل رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی ڈی ایم ارکان سخت لاک ڈاؤن چاہتے تھے اور تنقید کرتے تھے، اب یہ لوگ عدالتی احکامات کی خلاف وزری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جب کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے یہ لوگ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور جلسہ منعقد کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں