طلبہ جہاز اڑانے کیلئے تیار ہوجائیں، اسٹوڈنٹس پائلٹ لائسنس کے اجراء کی خوشخبری سنادی گئی

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان میں اب طالب علم بھی جہاز اڑا سکیں گے کیوں کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے اسٹوڈنٹس پائلٹ لائسنس کا اجراء شروع کردیا گیا ، ڈی جی سی اے اے نے ایس پی ایل کے دوبارہ اجراء کی باضابطہ منظوری دے دی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اسٹوڈنٹس پائلٹ لائسنس (ایس پی ایل) کے شروع ہونے سے طالب علم اپنی فلائنگ کلب کی سرگرمیاں بھی جاری رکھ سکیں گے تاہم اس کے لیے اکیڈمک سرٹیفکیٹ ، میڈیکل سرٹیفکیٹ ، قومی شناختی کارڈ اور سیکیورٹی کلیئرنس کروانا لازمی ہوگا ، نئے لائسنس کے اجراء کے نظام اور اس کے سلسلے میں ہونے والے

امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کو نادرا سے منسلک کردیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اس حوالے سے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے عالمی ہوا بازی کی تنظیم کی طرف سے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے نئے لائسنس کے اجراء سے متعلق مؤثر حفاظتی تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کی بناء پر سی اے اے نے اسٹوڈنٹس پائلٹس لائسنس سمیت دیگر پائلٹوں کے لائسنسوں کا اجراء عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔ قبل ازیں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے برڈ شوٹر بھرتی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ، تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس کی حدود میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سی اے اے کی جانب سے برڈ شوٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، سی اے اے کی جانب سے برڈ شوٹرز بھرتی کرنے کے لیے اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے ، سی اے اے نے ایئرپورٹس کو ہدایات کی ہے کہ وہ مزید برڈ شوٹرز بھرتی کریں جس کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ نے بھی برڈ شوٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ کوئی بھی پاکستانی نوجوان جو ایوی ایشن کی صنعت میں بطور پائلٹ اپنا پروفیشنل کیریئر شروع کرنا چاہتا ہے تو انٹرمیڈیٹ کرنے کے بعد اس کو سول ایوی ایشن کا وضع کردہ میڈیکل ٹیسٹ پاس کرنا ہوتا ہے۔طبّی معائنے میں پاس ہونے کے بعد وہ نوجوان فلائنگ اسکول میں داخلہ لینے کا اہل بن جاتا ہے، مرتب کردہ کورس کے مطابق3ماہ تک زمین پر تربیتی عمل شروع

کیا جاتا ہے، پائلٹ کو ایوی ایشن سے متعلق بنیادی تعلیم کلاس رومز میں دی جاتی ہے جس میں تکنیکی کے علاوہ سیفٹی اور ایوی ایشن قوانین شامل ہوتے ہیں۔ان تین ماہ کی تربیت اور 3 گھنٹے فلائنگ کے بعد پہلا لائسنس مل جاتا ہے جس کو اسٹوڈنٹ پائلٹ لائسنس یا ایس پی ایل کہا جاتا ہے۔ اس لائسنس کو حاصل کرنے کے بعد مزید پڑھائی اور 40 گھنٹے پرواز مکمل کرنے پر وہ پرائیویٹ پائلٹ لائسنس یا پی پی ایل کا اہل ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد 200 گھنٹے کی پرواز مکمل کرنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کمرشل پائلٹ لائسنس یا سی پی ایل جاری کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں