انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سمیت کتنے ممالک کی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کا سلسلہ شروع ہو چکا اور آئندہ سال انگلش ٹیم کی آمد سے شائقین کو لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا، دنیا تسلیم کررہی ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے ۔ انگلینڈ کا دورہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شائقین کیلئے پرجوش لمحہ ہوگا، ۔ وسیم خان کے مطابق پاکستانی عوام نے ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے بہت انتظار کیا تاہم 2021 میں جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور یہاں بلا تعطل انٹر نیشنل میچز ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال میں جو اقدامات اٹھائے ، ان سے مختلف بورڈز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے ساتھ ان کے یقین اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورے کی تصدیق اس موقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان میں کھیلوں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو خطرہ نہیں جبکہ انگلش ٹیم کا دورہ اس امر کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ پی سی بی کے انگلش بورڈ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ جنوری میں کھلاڑیوں کی مصروفیت کے باعث انگلینڈ نے یہ دورہ اکتوبر میں شیڈول کرنے کی تجویز دی تھی۔ اور اس دورے کو حتمی شکل دینے کیلئے گزشتہ سال سے کام کررہے تھے ۔ چیف ایگزیکٹو ای سی بی ٹام ہیریسن کی گزشتہ سال پاکستان آمد بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔ ایک سوال پر ان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد انگلینڈ کے مکمل سکواڈ کی میزبانی کریں گے ، اس دوران آسٹریلیا کی میزبانی کے بھی منتظر ہوں گے ،جو کہ سیزن 2021-22 میں فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے ۔ انگلش ٹیم سیزن 2022-23 میں ایک بار پھر ریڈ اینڈ وائٹ بال کرکٹ کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں