کورونا کی دوسری لہر تباہی مچانے لگی، اسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عوام کو مزید الرٹ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس شرح کو سو فیصد ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی جیسے ہی یہ شرح 50، 60 یا 70 فیصد ہوتی ہے تو پریشانی بڑھ جاتی ہے۔کیونکہ شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے اسپتالوں میں فی الفور بستر ملنا ممکن نہیں ہوتا۔ آپ کو جگہ کے لیے پوچھنا پڑتا ہے ،

اسپتالوں سے پتہ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال تک پہنچنے سے پہلے ہی ہمیں ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم وہ ڈسپلن اور احتیاط برت سکتے کہ جلسے میں آنے والا ہر شخص ماسک پہن کر آئے تو شاید ہمیں اس موقع پر پہنچنے کی ضرورت ہی پیش نہ آتی۔کیونکہ یہ بات عمومی طور پر دیکھنے میں آئی ہے کہ لوگ اس بات کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ آپ ماسک کی تلقین کر سکتے ہیں ، ماسک نہ پہننے پر جُرمانہ لاگو کر سکتے ہیں لیکن پھر آپ کو لوگوں کو روکنے کے لیے رکاوٹیں ڈالنا پڑتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر سیاسی اجتماعات آؤٹ ڈور ہوتے ہیں اس میں رسک ان ڈور اجتماعات کی نسبت کم ہوتا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 30 ہزار 362 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 37 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی۔سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 432 ، پنجاب میں ایک لاکھ11 ہزار 626، خیبرپختونخوا 42 ہزار 815 ، اسلام آباد میں 24 ہزار 871، بلوچستان میں 16 ہزار 529 ، آزاد کشمیر 5 ہزار 640 اورگلگت بلتستان میں 4 ہزار 467 تعداد ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں