سیالکوٹ کے رہائشی کی تین بیویوں نےمل کر شوہر کیلئے چوتھی بیوی کی تلاش شروع کر دی

سیالکوٹ(نیوز ڈیسک) پاکستان میں کسی نوجوان کی دوسری شادی کو آج بھی معیوب سمجھا جاتا ہے جبکہ خواتین بھی اپنے شوہر کو کسی دوسری خاتون کے ساتھ شئیر کرنے پر راضی نہیں ہوتیں، دوسری شادی کا ذکر بھی اکثر بڑے بڑے تنازعات کو جنم دیتا ہے لیکن سیالکوٹ کا رہائشی ایک نوجوان ایسا بھی ہے جس کی ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین تین بیویاں ہیں اور یہی نہیں اب یہ تین بیویاں مل کر اپنے شوہر کی چوتھی بیوی بھی تلاش کر رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے رہائشی 22 سالہ عدنان نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنی تینوں بیویوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتا ہے۔

عدنان کا کہنا ہے کہ میرے گھر کا کُل خرچ ڈیڑھ لاکھ روپے کے قریب ہے۔ عدنان کا گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کاروبار ہے۔عدنان نے انٹرویو کے دوران اپنی تینوں بیویوں سے بھی ملوایا اور بتایا کہ پہلی بیوی کا نام سنبل ، دوسری بیوی کا نام شبانہ اور تیسری بیوی کا نام شاہدہ ہے۔عدنان نے کہا کہ میری تینوں بیویاں یوں تو مل جُل کر رہتی ہیں لیکن اکثر مجھ سے شکایت بھی کرتی ہیں البتہ ان کی کوئی شکایت ذاتی نہیں ہوتیں بلکہ تینوں بیویاں آپس میں ایک دوسرے کو وقت نہ دینے کا شکوہ کرتی ہیں۔ شاہدہ شکایت کرتی ہے کہ آپ سنبل کو وقت نہیں دیتے ، سنبل شکایت کرتی ہے کہ آپ شبانہ کو زیادہ وقت نہیں دیتے اور شبانہ شکایت کرتی ہے کہ آپ شاہدہ کو وقت نہیں دیتے۔عدنان نے بتایا کہ میری سنبل سے تین اور شبانہ سے ایک بیٹی ہے۔ 22 سالہ عدنان کا کہنا ہے کہ میری تینوں بیویوں کا نام “S” سے شروع ہوتا ہے اور میری خواہش ہے کہ میری چوتھی بیوی کا نام بھی ”S” سے ہی شروع ہو۔ عدنان نے بتایا کہ میری پہلی شادی 16 سال کی عمر میں ہوئی، دوسری شادی 20 سال کی عمر میں جبکہ تیسری شادی 21 سال کی عمر میں ہوئی۔ عدنان کا کہنا ہے کہ جوں جوں میری شادیاں ہوتی گئیں روزگار کا وسیلہ بھی بنتا گیا اور اب اللہ کا شکر ہے کہ اچھا گزر بسر ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں