محمد حفیظ نے پاکستان کی خاطر کروڑوں روپے کا نقصان قبول کرلیا

لاہور (نیوز ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ملک کی نمائندگی کی خاطر کروڑوں روپے کا نقصان قبول کرلیا ۔ سری لنکن پریمیئر لیگ کی انتظامیہ نے سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کے دستبردار ہونے کے بعد محمد حفیظ سے رابطہ کیا تھا جن کا کولمبو کنگز کے ساتھ معاہدہ طے ہونے کے قریب تھا جس سے آل رائونڈر کو تقریبا ایک کروڑ روپے ملنے تھے۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے لیگ کھیلنے کی اجازت کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے باعث انہیں این او سی جاری نہیں کیا جاسکے گا کیوں کہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کا

قرنطینہ کرنا ضروری ہے، محمد حفیظ نے پی سی بی سے سری لنکن پریمیئر لیگ کے چند میچز کھیل کر نیوزی لینڈ میں ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت مانگی تو پی سی بی نے انہیں بتادیا کہ وہ قومی ٹیم اور سری لنکن پریمیئر لیگ میں سے ایک کا انتخاب کرلیں جس پر حفیظ نے سری لنکن لیگ کی انتظامیہ سے معذرت کرلی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد حفیظ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں، دورۂ انگلینڈ میں گرین شرٹس کی نمائندگی پر انھیں سی کیٹیگری کے حامل کرکٹر کے برابر2 لاکھ 2 ہزار 950 روپے فی میچ ادائیگی ہوئی، انھوں نے تین ٹی ٹوئنٹی میں 155 کی اوسط سے اتنے ہی رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد حفیظ نے دوسرے میچ میں 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تیسرے مقابلے میں ناقابل شکست 86 رنز بنا کر گرین شرٹس کی 5 رنز سے فتح میں اہم کردار نبھایا تھا،اس دوران انھیں کیریبیئن لیگ سے اپنا معاہدہ ختم کرنے کی وجہ سے تقریباً سوا کروڑ روپے گنوانا پڑے تھے، مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود پی سی بی انھیں سینٹرل کنٹریکٹ دینے سے گریزاں ہے، دوسری جانب دیگر کئی کرکٹرز ایک کیٹیگری کے میچز کھیلنے پر بھی معاہدہ رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ 26 نومبر سے 16 دسمبر تک ہوگی جبکہ پاکستان کا نیوزی لینڈ سے پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں