ایل او سی پر بھارتی فورسز کی شر انگیزی، پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کاروائی

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)مقبوضہ جموں کشمیر میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں چار بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجاہدین اور بھارتی فوج میں جھڑپ مقبوضہ وادی میں ہوئی، بھارتی فوج کا کپواڑہ میں مجاہدین سے سات اور آٹھ نومبرکی شب سامنا ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں چار بھارتی فوجی مارےگئے، اس واقعے کے بعد بھارتی فوج نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرزپر شرانگیزیاں شروع کیں اور بھاری ہتھیاروں، مارٹرزگولوں کا بےدریغ استعمال کیا،

ایل اوسی کےکئی سیکٹرز پر جان بوجھ کر شہری آبادی کونشانہ بنایا گیا، بھارتی فوج نے عالمی قوانین، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں۔بھارتی فوج نے وادی نیلم (نیکرون، کیل، شاردا، دُودھنیال، شاہ کوٹ، جوڑا، نوسری سیکٹرز)، وادی لیپا (دانا، مندل اور کیانی سیکٹرز)، وادی جہلم (چَھم اور پانڈو سیکٹرز) اور وادی باغ (پِرکانتھی، سانکھ، حاجی پیر، بیدوری اور کیلر سیکٹرز) کو نشانہ بنایا۔اس بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں بھارتی فوج نے خود کو پاک فوج کی پوسٹوں تک محدود نہیں رکھا اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور انسانی حقوق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایاْ۔پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور معصوم شہریوں کو ہدف بنانے والی بھارتی پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا جس کا بھارتی میڈیا نے بھی اعتراف کیا۔جب کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 5 زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کو پہنچنے والا نقصان بھارتی میڈیا نےتسلیم کیا، پاکستان ایک امن پسند ریاست ہے، پاک فوج بھی خطےمیں امن چاہتی ہے، پاک فوج مادر وطن کا دفاع یقینی بنائےگی، کشمیری بھائیوں کی جان ومال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنائیں گے اور بھارت کی ہر اشتعال انگیزی کا منہ توڑجواب دیا جائےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں