جونیئر افسر نے سی سی پی او لاہور کو فرعون قرار دیدیا

لاہور(نیوز دیسک)سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر تین تھانیداروں کو معطل کر کے پولیس لائن بھجوا دیا جس پر ایک جونیئر افسر نے سی سی پی او لاہور کو فرعون قرار دیدیا۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ہیر کے انچارج انویسٹی گیشن انسپکٹر اکرم اور اے ایس آئی سلیم، ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کی رپورٹ پر معطل کیے گئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تھانہ نواب ٹاؤن کے سب انسپکٹر آصف بٹ کو ناقص تفتیش پر معطل کیا گیا، ان پر رشوت لے کر قبضہ مافیا کی ضمانتیں کنفرم کرا نے کا الزام تھا۔معطل سب انسپکٹر آصف بٹ کا کہنا ہے کہ سی سی پی او عمر شیخ فرعون بن چکے ہیں، پورے تھانے کو گالیاں دیں، مجھے ہتھکڑیاں لگا

کر تھانہ نواب ٹاؤن منتقل کیا گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سی سی پی او لاہور کے خلاف لاہور پولیس کے افسران شکایات کر چکے ہیں جب کہ ایس پی سی آئی اے اور سی سی پی او کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی ہو چکی ہے۔واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور اکثر خبروں کا حصہ رہتے ہیں ۔سی سی پی او لاہور نے موٹروے پر پیش آنے والے ریپ کے واقعے کے بعد متعدد ٹی وی چینلز پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ: ‘تین بچوں کی ماں اکیلی رات گئے اپنے گھر سے اپنی گاڑی میں نکلے تو اسے سیدھا راستہ لینا چاہیے ناں؟ اور یہ بھی چیک کرنا چاہیے کہ گاڑی میں پیٹرول پورا ہے بھی یا نہیں۔۔۔’انھوں نے اپنے اس بیان پر معافی مانگ لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں