اورنج لائن ٹرین کے بعد اب اہلیان لاہور کیلئے ایک اور خوشخبری

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلی عثمان بزدار نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دے دی اور اس سلسلے میں ضروری امور جلد طے کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور سارجنٹس کی بھرتی کی بھی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہورٹرانسپورٹ کمپنی
کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بدل دیاجائے گا، لاہور میں 103 کلومیٹر طویل 6 روٹس پرالیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، محکمہ ٹرانسپورٹ تمام آپشز کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے، دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین اور اسٹیشنز پر صفائی سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرپرائز وزٹ کرکے اورنج لائن کے انتظامات کا خود جائزہ لوں گا، کوہ سلیمان میں پہلی مرتبہ پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی، فیصل آباد اور دیگر ڈویژن میں جدید ترین بسیں چلائی جائیں گی۔صوبائی وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں میں کم کرائے میں بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں