بلاول بھٹو کے ثبوت پیش کرنے کے مطالبے پر ن لیگ نے دوٹوک جواب دیدیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنام سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو سب سے پہلے سلیکٹڈ بلاول بھٹوزرداری نے کہا تھا ہم نے نہیں ، بلاول نے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہا تو سلیکٹ کس نے کیا تھا؟ ہم عدالت میں نہیں کھڑے کہ ثبوت پیش کریں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کی طرف سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو پر اپنے ردعمل میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان نے کہا کہ یہ بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے ، لیکن ہم کہانیوں کی بنیاد پربات نہیں کررہے ، کیوں کہ ایک سابق وزیراعظم کی جانب سے اپنے

تجربات سے قوم کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر رد عمل دیا ، انہوں نے کہا کہ یہ بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی رائے ہے ، نواز شریف جو بتا رہے ہیں وہ حقائق پر مبنی حقیقت ہے ، مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اس حقیقت کے گواہ خود نواز شریف اور پاکستان کی عوام ہیں۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو فی الفور پی ڈی ایم کے گٹھ جوڑسے خود کو علیحدہ کرنا چاہیئے ، بلاول کا بیان پی ڈی ایم کے تابوت میں آخری کیل ہے ، نوازشریف نے اپنے حلف سے غداری کی ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کے انٹرویو پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری نے خود کو ن لیگ کے بیانیے سے الگ کرلیا ، بلاول بھٹوکی معصومیت ہے نوازشریف سے ثبوت مانگ رہے ہیں ، بلاول کو یہ ثبوت بہت پہلے مانگنے چاہیئے تھے ، کیوں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی ، اور وہ سابق وزیراعظم نے جو نقصان پہنچانا تھا وہ پہنچا چکے ہیں ، اس لیے بلاول کو ثبوت پہلے مانگنے چاہیئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں