کورونا کی دوسری لہر، تعلیمی ادارے بند کرنے کی خبروں پر وزیرتعلیم شفقت محمود نے اہم اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کردی۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ابھی تک ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے کہ جس کی وجہ سے ملک میں اسکولز اور کالجز کو بند کیا جائے ، سائنس لیب کا قیام کوالٹی کی طرف ایک قدم ہے ، کیوں کہ ہماری کوشش ہے کہ اعلیٰ تعلیم کی کوالٹی کو بہتر کریں۔امریکہ میں ہونے والے انتخابات سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ امریکہ کے اندرونی معاملات ہیں ، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ، اس لیے امریکہ میں جو کوئی بھی الیکشن جیتے ہمارا کوئی فیورٹ نہیں ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کےایک ہزار 313 نئے کیسز رپورٹ

ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 573 ہوگئی۔ یاد رہے اس سے قبل 24 جولائی 2020 کو ایک دن میں کورونا کے ایک ہزار 487 کیس ریکارڈ ہوئے تھے۔این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 14 ہزار 646 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 16 ہزار 060 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 867 ہوگئی۔سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 295 ، پنجاب میں ایک لاکھ 5 ہزار 197، خیبرپختونخوا 39 ہزار 889 ، اسلام آباد میں 20 ہزار 471، بلوچستان میں 16 ہزار، آزاد کشمیر 4 ہزار 415 اورگلگت بلتستان میں 4 ہزار 306 تعداد ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں