فردوس عاشق اعوان کی دوبارہ تعیناتی کس کے کہنے پر ہوئی، اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بہت مضبوط ہیں اور ایسے ہی نہیں جائیں گی ، پنجاب کی نئی معاون خصوصی برائے اطلاعات اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی پرچی ایک ہی ہے ، ان خیالات کا اظہار سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہی پرچی ہے جن کے بارے میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان سے مشاورت کرتا ہوں ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعطم کے لاڈلے نہیں ہیں ، لیکن جس پرچی پر وزیراعلیٰ پنجاب آئے وہ پرچی بہت بڑی

ہے کیوں کہ وہ بھی ان کی پرچی ہے۔ڈاکٹر شاہد مسعود کے مطابق فردوس عاشق اعوان ایک بار پھر وفاق میں آنے کی خواہشمند تھیں لیکن وزیر اعظم عمران خان نے انہیں پنجاب میں بھیجا ، جس کی بناء پر فیاض الحسن چوہان کی چھٹی اور فردوس عاشق اعوان کی واپسی ہوئی ، کیوں کہ وہ بہت مضبوط ہیں اور ایسے ہی جانے والی نہیں ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب مقرر کردیا گیا ، فردوس عاشق اعوان پہلے وفاق میں بھی معاون خصوصی برائے اطلاعات رہ چکی ہیں، فردوس عاشق اعوان کو پنجاب میں سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھ کر ذمہ داری دی گئی ، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی ہے ، جس کے تحت وزیراعظم کی سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو پنجاب میں اطلاعات کی اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ، ان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات مقرر کردیا گیا ، جب کہ فیاض الحسن چوہان سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا ، فیاض چوہان اب سے صرف محکمہ کالونیزکے وزیر ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ، جبکہ فردوس عاشق اعوان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق فیاض الحسن چوہان سے اطلاعت کا محکمہ واپس لے لیا گیا ہے اور اب وہ صرف وزارت کالونیز کی ذمہ داریاں ہی سر انجام دیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں