ایاز صادق کا بیان بالکل درست تھا ، ہماری جماعت اپنے بیانیے پر چٹان کی طرح متحد ہے ،احسن اقبال

لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ایاز صادق کا بیان بالکل درست تھا، پائلٹ کو چھوڑنا ہی تھا تو دو سے چار روز انتظار کرلیا جاتا۔احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی وفاقی حکومت ناکام اور نااہل حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہی ہے، حکومت غداری کے مقدموں کا سہارا لے رہی ہے، مسلم لیگ نون کا بیانیہ پاکستان بچانے کا بیانیہ ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ایاز صادق کی تنقید وزیر خارجہ سے متعلق تھی، ایاز صادق کا بیان بالکل درست تھا، کسی پاکستانی کو حق نہیں کہ وہ دوسرے پاکستانی کو غداری کا سرٹیفکیٹ دے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دشمن کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، عمران خان نے

جلدی میں کام لیا کیونکہ وہ پریشر برداشت نہیں کر پائے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ امریکا کے آگے جنرل مشرف نے سرینڈر کردیا، ہم پاکستان کے تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، ادارے تبھی مضبوط ہونگے جب آئین کے مطابق چلیں۔انہوں نے کہا کہ اختر مینگل اور ثناء اللہ زہری کے درمیان ایک تنازع ہے، نہیں چاہتے تھے کہ ثناء اللہ زہری جلسے میں شریک نہ ہوں، عبدالقادر بلوچ استعفیٰ دینا چاہیں تو انکی مرضی ہے۔دوسری طرف سابق اسپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ لاہور میں میرے خلاف بینر اور پوسٹر آویزاں کیے گئے، میری بات سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، کسی کوحق نہیں کہ وہ کسی کو غدار کہے ، میرے پاس قومی سلامتی کے بے شمار راز ہیں تاہم کبھی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں