ایاز صادق کا بیان،شاہ محمود قریشی کا بڑے پن کا مظاہرہ، ایسا اعلان کردیا کہ سب کے دل جیت لیے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایاز صادق نے بالکل غیر ذمہ دارانہ بات کی ہے لیکن ان کی حب الوطنی پر شک نہیں کرسکتا۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کچھ اطلاعات تھیں کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست اٹھانے کے بعد شدید ندامت اٹھانا پڑی ہے اور اس کی بوکھلاہٹ میں بھارت کوئی جارحانہ حرکت کرسکتا ہے، اس پر پارلیمنٹ اور پارلیمانی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں سینئر قیادت تھی اور میں بھی موجود تھا۔

ہم نے پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لینا تھا ،وزیراعظم نے اس میٹنگ میں آنا تھا لیکن وہ ایک اہم انٹرنیشنل کال کے انتظار میں تھے اور اس میں تاخیر کی وجہ سے میٹنگ میں نہیں آ سکے۔شاہ محمود قریشی نے ایاز صادق کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حب الوطنی پر شک نہیں کر سکتا لیکن ایاز صادق جوش خطابت میں بہہ گئے اور وہ کہہ دیا جس کا فائدہ آج بھارت اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔جب کہ بھارت یہاں سے دم دبا کر بھاگا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ’ پاکستان نے ابھی نندن کو رہا کرنے کا مدبرانہ فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ اس میٹنگ کے بعد ہوا، پاکستان کے فیصلے کو دنیا نے سراہا، عمران خان نے معاملات کو ڈی فیوز کیا اور صورتحال کو بڑھنے سے روکا‘۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’حیران ہوں کہ ایاز صادق نے کنفیوژن میں بات کی، یقین نہیں آرہا کہ انہوں نے کس بنیاد پر یہ بات کی، اس کا سر پاؤں دکھائی نہیں دے رہا، ہم نے اعتماد میں لینے کے لیے اجلاس بلایا تھا اور حیران ہوں کہ کیا رنگ دے دیا گیا‘۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ’بھارتی حرکت سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں تھی اور ہم پوری طرح سے تیار تھے، اگر بھارت کوئی جارحیت کرتا تو جو جوابی کارروائی ہم نے کرنا تھی اس پر سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل مطابقت تھی، اس میں کوئی شک و شبہ نہیں تھا لیکن ضرورت محسوس کی گئی کہ نازک صورتحال پر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے‘۔ان کا aکہنا تھا کہ ’اس وقت ہمارے بہت ذمہ دار اور سینئر لوگ اپنے ذاتی مفادات کے تابع ہوئے ہیں، وہ حکومت اور ریاست کے مفادات میں فرق نہیں کر پارہے، انہیں اندازہ نہیں ان کے بیانیے سے کیا وہ حکومت کو یا ریاست کے مفادات کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں