روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری، ڈالر 5ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا

لاہور (ویب ڈیسک)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر گراوٹ کا شکار رہی۔ قدر میں کمی کے رجحان کے بعد ڈالر کا انٹربینک ریٹ پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی اور ڈالر کی قدر 161روپے سے بھی نیچے آگئی۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتارچڑھاو کے بعد مزید 14پیسے کی کمی سے 160روپے 91پیسے پر بند ہوئی اور اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 10پیسے کی کمی سے 161روپے 10پیسے پر بند ہوئی۔ مسلسل دو ہفتے سے امریکی کرنسی کے گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، روپے کے مقابلے ڈالر 161 روپے کی سطح سے نیچے گر گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 14 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 160 روپے 91 پیسے ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں گراوٹ دیکھنے کو ملی تھی اور ڈالر 161 روپے 05 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران روپے کی قدر میں زبردست ریکوری دیکھنے کو مل رہی ہے، ایف اے ٹی ایف کی طرف سے ملک پر چھائے خدشات چھٹنے ، ملکی ترسیلات زر میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، عالمی ممالک کی طرف سے غریب ممالک کے لیے ریلیف ملنے کے بعد پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں رک جانے کے باعث ڈالر گراوٹ کا شکار نظر آ رہا ہے۔ قوی امکان ہے امریکی ڈالر مزید آئندہ چند دنوں میں نیچے آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں