پاکستان کے تاجروں نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر نے فرانس کے صدر اور حکومت کی جانب سے حضور نبی کریم ؐکی شان میں گستاخانہ خاکوں کی حمایت پر فرانس کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔شرجیل میر کا کہنا ہے کہ فرانس کی حکومت اور شہریوں نے ہمیشہ ہمارے دین اسلام کے بارے میں نفرت آمیز کردار ادا کیا، ملک بھر کے تاجر فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ نبی کریم ؐاور دین اسلام سمیت بزرگان دین کی ناموس کے خلاف جو بھی بات کرے گا ہم اسی کی زبان کھینچنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے بھر پور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرے اور ان کی مصنوعات کو اپنے ملک میں نہ آنے دیِ،انھوں نے مزید کہا ہے کہ راولپنڈی میں 29اکتوبرکو فوارہ چوک میں احتجاجی ریلی نکالیں گے۔فرانسیسی صدر کے متنازع بیان کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں میں شدید غم و غصہ بھر گیا اور چند روز کے دوران سوشل میڈیا سائٹس پر ایسی ویڈیوز پوسٹ کی گئیں جن میں کویت، اردن اور قطر سمیت دیگر ممالک کے کاروباری لوگوں نے اپنی دکانوں سے فرانسیسی مصنوعات کو ہٹاتے اور ان کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا۔مشرق وسطیٰ کے ممالک سمیت کئی یورپی ممالک اور پاکستان میں بھی گزشتہ 48 گھنٹوں سے فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا ٹرینڈ ٹاپ پر ہے۔ جس کے بعد فرانس نے خلیجی ممالک سے اپنی مصنوعات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایمانوئل میکرون کے اسلام مخالف بیان پر آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نے بھی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حرمت سے بڑھ کر ہمارے لئے کچھ بھی نہیں، دکانوں سے فرانسیسی مصنوعات کو باہر پھینک دیں گے۔اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر محمد اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت سے بڑھ کر ہمارے لئے کچھ بھی نہیں ہے، ہم لوگ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے انہیں اپنی دکانوں سے باہر پھینک دیں گے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں