جب تک فرانس معافی نہیں مانگتاپاکستان میں فرانسیسی سفارتخانہ بند کیا جائے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینئر رہنما جے یو آئی ف نے مطالبہ کیا ہے کہ فرانس سے سفارتی تعلقات کو ختم کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی مولانا عطاء الرحمن کا مطالبہ ہے کہ جب تک فرانس معافی نہیں مانگتا فرانسیسی سفارتخانہ بند کیا جائے، فرانس سے سفارتی تعلقات کو ختم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ہوئے سینیٹ اجلاس میں کیا۔سینیٹ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر فرانس میں بنائے گئے گستاخانہ خاکوں کی مذمتی قرارداد بھی منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومتی پشت پناہی سے اس طرح کے اقدامات اشتعال کا باعث بن رہے ہیں۔

قائد ایوان شہزاد وسیم نے قرار داد پیش کرنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں حالیہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پشت پناہی سے متعلق بیانات سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری مسلم دنیا میں غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے بھی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور اعادہ کیا کہ اسلاموفوبیا کے اقدامات سے نہ صرف مسلمانوں کیجذبات مجروح ہورہے ہیں بلکہ بین المذاہب جذبات کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ شہزاد وسیم نے سینیٹ کی جانب سے قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ سینیٹ آف پاکستان آزادی اظہار رائے کے قانون کی آڑ میں ہونے والے اسلاموفوبیا کے اقدامات، اسلام اور مسلمانوں کو نشانے کی شدید مذمت کرتی ہے۔قرار داد میں کہا گیا کہ فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمدؐکے گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنے کے غیر قانونی اور قابل مذمت اقدام کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور اس طرح کے اقدامات کی حکومتی پشت پناہی سے مختلف عقائد رکھنے والے افراد میں مزید تقسیم کرتے ہیں۔ کہا گیا کہ ‘پیغمبراسلامؐ سے محبت کسی شک و شبہ سے بالاتر ہو کر ہمارے ایمان کا بنیادی جز ہے اور اس طرح کے اقدامات برداشت نہیں کیے جاسکتے۔پاکستان کے عوام اور مجموعی طور پر مسلم دنیا کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اس طرح کے اقدامات پر شدید تشویش ہے جو مسلمانوں کو ردعمل کیلئے اشتعال دلاتے ہوں اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر شدید تشویش ہے۔ عالمی برادری اور پارلیمنٹس پر زور دیا جاتا ہے

کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے اقدامات کو روکنے اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے فریم ورک بنایا جائے۔ سینیٹ میں یہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے قرار داد کی کاپی دفترخارجہ کے ذریعے فرانس کے سفیر تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں