پڑوسی ملک میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب بھگدڑ مچ گئی، کئی افراد جان کی بازی ہار گئے

جلال آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ویزا حاصل کرنے کےلیے جمع ہونے والے ہجوم میں بھگدڑ سے کم از کم 15 افراد جاں ہوچکے ہیں۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آج صبح جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ویزا ٹوکن حاصل کرنے کےلیے تقریباً 3000 افغانی جمع تھے جن میں خواتین اور بزرگ بھی شامل تھے۔قونصل خانے کی کھڑکی کھلتے ہی ٹوکن حاصل کرنے کے خواہشمندوں کا یہ ہجوم بے قابو ہوگیا اور بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد پیروں تلے کچل کر مارے گئے۔ایک مقامی افغان عہدیدار نے رائٹرز کے

نمائندے کو بتایا کہ مرنے والوں میں خواتین کے علاوہ بزرگ شہریوں کی تعداد زیادہ ہے۔واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں افغان شہری علاج معالجے، تعلیم، کاروبار اور تجارت کی غرض سے پاکستان کا رُخ کرتے ہیں جبکہ اس وقت بھی پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں کی تعداد 30 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔پاکستانی سفیر نے کہاکہ ہم افغان حکام کے ساتھ مل کر ویزہ کیلئے درخواست دینے والوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں، پاکستان نئی پالیسی کے تحت افغان شہریوں کو ویزہ جاری کرنے کے عمل کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔اس سے قبل 13 اکتوبر کو کابل میں پاکستانی سفارتحانے نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہم نے افغان شہریوں کے لیے پاکستانی ویزوں کے حصول کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔پریس ریلیز کے مطابق نئی ویزہ پالیسی کے تحت افغان شہریوں کو علاج معالجے، خاندانی امور ،کاروبار ، تعلیم اور دیگر مقاصد سے متعلق پاکستان کا دورہ کرنے کے لیےطویل مدتی ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ماہ بعد حال ہی میں ایک بار پھر ویزوں کا اجرا شروع کیا گیا ہے جس کے باعث درخواست گزاروں کا ہجوم قونصل خانے کے باہر جمع ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں