اسلام آبادہائیکورٹ کے حکم پر نوازشریف کی طلبی کا نوٹس اخبارات میں شائع کروادیا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہو گیا۔حکومت نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات اخبارات میں شائع کرا دیے۔دونوں اشتہارات عدالتی احکامات پر روزنامہ جنگ اور ڈیلی ڈان میں شائع کرائے گئے۔اخبارات میں شائع اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 6 جولائی 2018 کو 10 سال قید اور 8 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا ہوئی۔اس کے علاوہ اخباری اشتہارات میں یہ بھی کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دیا گیا۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں 19 ستمبر 2018 کو نواز شریف سزا معطل ہونے پر ضمانت پر رہا ہوئے، ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل زیر سماعت ہے اور نواز شریف عدالت میں پیش ہونے کے پابند تھے۔اشتہار میں کہا گیا ہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی۔قومی اخبارات میں شائع اشتہار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے جن کی تعمیل نہ ہو سکی، نواز شریف 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اشتہار لندن کے اخبارات میں شائع کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی پر اشتہار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وفاق کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی عدالت طلبی کے اشتہار لندن کے دو اخبارات میں شائع کیے جائیں۔عدالت نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہار لندن کے 2 اخبارات میں شائع کرنے کی وفاقی کی درخواست مسترد کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں