مزار قائد کی بے حرمتی نامنظور، جتنے لوگ مزار قائد پر موجود تھے سب کو گرفتار کیا جائے ، بڑا مطالبہ کردیا گیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سیاسی نعرے بازی کے وقت جتنے لوگ مزار قائد پر موجود تھے سب کو گرفتار کیا جائے ، پولیس اور سندھ حکومت کا فرض ہے مزار قائد کی بے حرمتی پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بھی گرفتار کریں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےفیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز نے اپنا، اپنے والد اور خاندان کا نام “ووٹ” رکھ لیا ہے اور آج کل وہ ہر جگہ ووٹ کو عزت دو کی غزلیں پڑھ رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو عزت دینے کا واویلا کرنے والی مزار قائد

کی بے توقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریر سے پہلے مریم نواز قائد اعظم کے مزار کی بے حرمتی پر شرمندہ ہو کر معافی مانگیں گی۔ان کے جاری کردہ بیان کے مطابق مریم نواز کو مزار قائد پر عاجزی سے پاکستان کو لوٹنے، اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے نظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہیئے تھی۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حادثے سے بڑا حادثہ یہ ہوا، لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر” کے مصداق مریم نواز کو رتی برابر ندامت نہیں ہوئی۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی ہلڑ بازی کے پیچھے ان کی اہلیہ کی پلاننگ اور ذہن کام کر رہا تھا۔دوسری جانب شبلی فرازکا کہنا تھا کہ ایک نوسربازخود کو بیمار بنا کرملک سے باہرچلا گیا، نوازشریف قانون سے بالاتر نہیں ہے ، انہیں واپس آکر جواب دینے چاہییں، نوازشریف کی واپسی کیلیے حکومت اقدامات کرے گی، انہیں واپس لاکر عام جیل میں ڈالیں گے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پرشبلی فراز نے کہا کہ قائداعظم کے مزار پر ہلڑبازی کوئی برداشت نہیں کرسکتا، کیپٹن (ر) صفدرنے پاکستان اورعوام کی توہین کی ہے اس لیے وہ گرفتارہوئے، انہیں کس نے گرفتارکیا اسے بھول جائیں، ان کا جرم دیکھیں اوراس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں