عمران خان کی حاضری کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنان کی طرف سے نعرے بازی کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لاہور(نیوز ڈیسک) کراچی میں قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں کراچی پولیس کی طرف سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتار کرلیا گیا ، جس پر سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم عمران خان کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر ان کے پارٹی کارکنوں کی طرف سے کی جانے والی نعرے بازی کی ویڈیو شیئر کردی۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک وڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے

لیے موجود ہیں ، جہاں ان کے ساتھ تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے ، جن کی طرف سے کیے جانے والے شور شرابے کی آوازیں بھی ویڈیو میں سنائی دے رہی ہیں۔ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر نے لکھا کہ عمران خان کی موجودگی میں مزارقائد کے اندرپاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کی جانے والی ہلڑبازی کیسے جائز تھی؟ جب کہ ووٹ کوعزت دو اور مادرملت زندہ باد کے نعروں پر مقدمہ کااندراج اور اس کے بعد مریم نوازکے کمرے کا دروازہ توڑ کران کے شوہرکی گرفتاری شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے ایک نعرہ بھی تحریر کیا کہ ’جمہوریت نما آمریت نامنظور‘۔ واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنوں کے خلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ قائداعظم مزار پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ 6،8 اور 10 کے تحت درج کیا گیا ہے۔جس کے بعد آج صبح کیپٹن صفدر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور اب کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند گاڑی میں سٹی کورٹ پہنچا دیا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کیس میں کراچی پولیس نے نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر شوہر کو حراست میں لے لیا، پولیس کیپٹن (ر) صفدر کو گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں