مریم نواز نے گوجرانوالہ پہنچنے سے قبل ہی حکومت سے کیا گیا معاہد توڑ دیا

لاہور(نیوز ڈیسک) مریم نواز نے گوجرانوالہ پہنچنے سے قبل ہی حکومت سے کیا گیا معاہدہ توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور انتظامیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ وہ گوجرانوالہ میں جلسے سے پہلے کہیں اور خطاب نہیں کریں گی لیکن انہوں نے شاہدرہ میں رک کر خطاب کیا جو کہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پرویز رشید ، عمران نذیر، ڈی جی آئی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر نے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔اس معاہدے کے مطابق مریم نواز نے گوجرانوالہ سے پہلے کہیں خطاب نہیں کرنا تھا۔

لیکن مریم نواز نے شاہدرہ میں رک کر تھوڑی دیر عوام سے خطاب کیا جس کے بعد معاہدے کی خلاف ورزی کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پھجوا دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہر کام قانون کے دائرے میں رہ کر کیا ہے۔ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ قانون کی پابندی کریں اور معاہدے کی پاسداری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔ جمہوری روایات کو فروغ دنے کے لیے جلسے کی اجازت دی۔ اپوزیشن کو فری ہینڈ دیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے جلسہ روکنے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں ، گوجرانوالہ عوام سے امید کرتی ہوں کہ وہ آج باہر نکلیں گے ،ووٹ کی عزت کے لیے نکلے ہیں ،مائیں بہنیں آئیں اور اس قافلے میں شامل ہوں ،مریم نوازنے پولیس انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ہمارے راستے میں نہ آئیں، انہوں نے کہا کہ پولیس اور بیوروکریسی کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، یہ صرف عوام کے حقوق کی نہیں بلکہ آپ کی بھی جنگ ہے، آپ نے آئین اورقانون کی قسم کھائی ہے، کسی جعلی جماعت کے حقوق کی قسم نہیں کھائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں