آج کے جلسے سے حکومت کے خاتمے کی شروعات ہو چکی ہیں، مریم نواز

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز گوجرانوالہ جلسہ میں شریک ہونے کے لیے روانہ ہو گئی ہیں، مریم نواز قافلے کی صورت میں گوجرانوالہ کے لیے روانہ ہوئیں ہیں،جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔گوجرانوالہ عوام سے امید کرتی ہوں کہ وہ آج باہر نکلیں گے۔ووٹ کی عزت کے لیے نکلے ہیں۔مائیں بہنیں آئیں اور اس قافلے میں شامل ہوں۔مریم نوا زنے پولیس انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ہمارے راستے میں نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور بیوروکریسی کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔یہ صرف عوام کے حقوق کی نہیں بلکہ آپ کی بھی جنگ ہے۔آپ نے آئین اورقانون کی قسم کھائی ہے، کسی جعلی جماعت کے حقوق کی قسم نہیں کھائی۔قانون کی اس جنگ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔اس موقع پر مریم نواز نے کارکنوں زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے سے حکومت کے خاتمے کی شروعات ہو چکی ہیں، سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے خلاف بننے والے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اپنی پہلی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور سلسلے میں مختلف جماعتوں کے قافلے جلسہ گاہ کی طرف پہنچ رہے ہیں۔اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اس اتحاد میں بڑی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)، جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں اور اپوزیشن آج کے جلسے کو موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کا سنگ بنیاد کے طور پر دیکھ رہی ہے۔گوجرانوالہ کے جناح پارک میں ہونے والے پی ڈی ایم کے پہلے جلسے کے سلسلے میں تیاری مکمل کرلی گئی ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کارکنان کے ہمراہ قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں