گوجرانوالہ جلسہ ، سرکاری انتظامیہ نے راستے بند کرنے کیلئے کنٹینرز منگوا لیے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے سے قبل داخلی و خارجی راستے بند کرنے کے لیے کنٹینرز منگوا لیے گئے ۔ اس سلسلے میں میڈیا ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسہ سے قبل رائیونڈ انتظامیہ نے جاتی امرا روڈ کے گرد کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ، پکڑے گئے کنٹینرز رائیونڈ تھانہ کی چوکی کے باہر کھڑا کیے گئے ہیں ، اس حوالے سے کنٹینر ڈرائیورز کی طرف سے الزام لگایا گیا ہے کہ ان کی گاڑیوں کو پولیس نے پکڑ کر جاتی امرا روڈ پر کھڑا کردیا۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کارکن 16اکتوبر تک گھروں میں نہ سوئیں، گرفتاریوں سے بچیں، حکومت جلسے سے خوفزدہ ہوکر پکڑ دھکڑ شروع کردی، گوجرانوالہ جلسہ ہر صورت کامیاب ہوگا، پاسبان رضاکار دیگر لوگوں کو بھی ساتھ ملائیں۔تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے پاسبان رضاکاروں نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی، جس میں گوجرانوالہ کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی۔مریم نواز نے پاسبان رضاکاروں کو ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے سے متعلق ہدایات کی ہیں کہ گوجرانوالہ جلسے سے حکومت خوف زدہ ہوگئی ہے، حکومت نے لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے، لیکن 16 اکتوبر کو ہر صورت جلسہ ہوگا، کارکن اپنی تیاریاں مکمل کریں ، مریم نواز نے کارکنان کو ہدایت کی کہ کارکنان ممکنہ گرفتاریوں سے ہر صورت اپنے آپ کو بچائیں، کارکنان کسی غیرمتعلقہ شخص اور کال کا جواب نہ دیں ، کوشش کریں 16 تاریخ تک گھروں میں نہ سوئیں ، جب کہ پاسبان رضاکار جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر لوگوں کو بھی ساتھ ملائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں