برطانوی پولیس نے نواز شریف کے خلاف تحقیقات شروع کردیں

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کو لندن کے ہائیڈ پارک میں چھ افراد کے ساتھ چہل قدمی کرنا مہنگا پڑنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے اور لندن پولیس نے کورونا وائرس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر نواز شریف کیخلاف نوٹس لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نواز شریف لندن کے ماربل آرچ علاقے میں ایک بار پھر بنا ماسک پہنے ہوئے دیکھے گئے ،جس کے فوراً بعد ریڈینٹ نامی ٹوئٹر صارف نے لندن پولیس کی توجہ اس جانب مبذول کرائی۔ پولیس نے جواباً کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نواز شریف اپنے کارکنوں کے ہمراہ چہل قدمی کرتے دکھائی دیئے۔رپورٹس کے مطابق وہ مبینہ طور پر چھ سے زائد افراد کے ساتھ چہل قدمی کر رہے تھے جبکہ برطانوی حکومت کی جانب سے کورونا وبا سے بچنے کے لیے صرف چھ افراد کی قربت میں آنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ویڈیو وائرل ہوتے ہی ہنگامہ برپا ہوگیا اور ریڈیئنٹ نامی ٹوئٹر صارف نے پولیس کو شکایت کی کہ ’یہ شخص جس کا سر نام شریف ہے، چھ افراد کے قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، برائے مہربانی اس معاملے کو دیکھیں‘۔ٹوئٹر صارف کی شکایت پر لندن پولیس کی جانب سے نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا کہ اس معاملے کے بارے مقامی پولیس کو مطلع کردیا گیا ہے ، تاہم ابھی تک نواز شریف یا کسی اور شخص کیخلاف کارروائی کے بارے لندن پولیس کی جانب سے بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں