لاہور سے آئے 200 پاکستانیوں کو دُبئی ایئرپورٹ پرروک لیا گیا

دُبئی(نیوز ڈیسک) اب سے تھوڑی دیر پہلے اطلاع ملی ہے کہ دُبئی ایئرپورٹ پر پاکستان سے آنے والے 200ویزہ ہولڈرز کو روک لیا گیا ہے اور انہیں ایئرپورٹ سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یہ پاکستانی مسافر وزٹ ویزے پر دُبئی آئے ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستانی قونصل خانے کے ایک سینیئر عہدے دار نے بتایا کہ پاکستان سے آئے 200 وزٹ ویزہ ہولڈرز کو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ہے۔پاکستانی قونصل خانہ یہ معاملہ حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دُبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانے کے ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے بتایا کہ ہمیں اطلاع دی گئی ہے کہ 200 پاکستانی دُبئی

ایئرپورٹ پر پھنس گئے ہیں جو کہ وزٹ ویزہ پر امارات آئے تھے۔ ایئرپورٹ پر موجود پاکستانی قونصلیٹ کا عملہ اور افسران اس معاملے کو حل کرنے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔ڈپٹی قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ یہ پاکستانی لاہورایئرپورٹ سے ایک پرواز کے ذریعے دُبئی پہنچے ہیں۔ اس معاملے پر ہم جلد ایک بیان جاری کریں گے اور مسافروں کے سٹیٹس کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے یو اے ای میں تعینات ریجنل مینجر شاہد مغل نے بتایا کہ کیریئر سٹیشن مینجر اور قونصل خانے کے عہدے دار اس سارے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایئرپورٹ پر پھنسنے والے یہ مسافر زیادہ تر کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جو ملازمتوں کی تلاش میں دُبئی آئے ہیں۔ وزٹ ویزے پر آنے والے مسافروں کو اپنی ہوٹل کی بکنگ کا ثبوت دینا ہوتا ہے یا پھر اپنے پاس اتنے فنڈز ظاہر کرنے ہوتے ہیں جن کے ساتھ وہ دُبئی میں اپنا گزارہ کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 15لاکھ پاکستانی موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں