بھارت کا آئی ایس آئی کو معلومات فراہم کرنے والے جاسوس کی گرفتاری کا دعویٰ

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایک شخص کو پاکستان کے خفیہ ادارے (آئی ایس آئی) کو جنگی طیاروں کی معلومات فراہم کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے انڈین حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناشک میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ کی طرف سے 41 سالہ شخص دیپک شیرساتھ کو حراست میں لیا گیا ہے جو کہ ہندوستان ایئروناٹکس میں ملازمت کرتا ہے، جس کے بارے میں انسداد دہشت گردی یونٹ کو قابل اعتماد ذرائع سے معلومات ملیں کہ مذکورہ شخص کی طرف سے پاکستان کے خفیہ ادارے کو ہندوستان ایئروناٹکس میں موجود بھارت کے جنگی

جہازوں اور ان کی تیاری کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی جارہی ہیں ۔انڈین انسداد دہشت گردی یونٹ کے ترجمان کے مطابق حراست میں لیے گئے شخص کی شناخت دیپک شیرساتھ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 41برس بتائی گئی ہے، جس سے کی جانے والی جامع تفتیش کے نتیجے میں انکشاف ہوا کہ دیپک پاکستان کے حساس ادارے(آئی ایس آئی) کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا ، اور اس کی طرف سے پاکستانی خفیہ ادارے کو بھارتی جنگی طیاروں کے بارے میں انتہائی حساس نوعیت کی معلومات فراہم کی جاتی رہی ہیں، جن میں ہندوستان ایئروناٹیکل لمیٹڈ میں موجود جہازوں کی تیاری کے یونٹ، حساس تنصیبات اور دیگر ممنوعہ علاقے کی معلومات شامل ہیں ، گرفتاری کے بعد بھارتی شخص کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923ء کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جب کہ دیپک کے زیر استعمال 3موبائل فون،5سموں اور2میموری کارڈز کو بھی قبضے میں لے لیا گیا،جنہیں مزید جانچ کے لیے فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے، بعد ازاں متعلقہ بھارتی عدالت نے زیر حراست شخص کو 10روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں