محکمہ مال کا خاکروب ارب پتی نکلا

ملتان (نیوز ڈیسک) قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے محکمہ مال کے خاکروب کے گھر سے 6 کلو سونا، کرنسی نوٹوں سے بھری 2 بوریاں برآمد کرلیں ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں ترجمان نیب نے بتایا ہے کہ قومی احتساب بیورو ملتان کی طرف سے صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں کارروائی کی گئی ، کیوں کہ قومی احتساب بیورو کو اطلاعات ملی تھیں کہ محکمہ مال کا خاکروب کلیم غیر قانونی ذرائع کے اثاثے بنانے میں ملوث ہے ، ان معلومات کی بنیاد پر نیب ملتان کی طرف سے جب ملزم کے گھر چھاپہ مارا گیا تو محکمہ مال کے خاکروب کے گھر سے 6 کلو سے زائد سونا بر آمد کرلیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ ملزم کلیم عرف ’کلو‘ کے گھر سے کرنسی نوٹوں سے بھری 2 بوریاں ملیں ، جب کہ نیب کی طرف سے وہاں سے پرائز بانڈز سے بھری ایک بوری بھی قبضے میں لے لی گئی ۔نیب ترجمان کی طرف سے مزید بتایا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم کلیم عرف کلو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، تاہم اس کے بھائی رشید کو حراست میں لے لیا گیا ، جس سے کیس کے حوالے سے مزید چھان بین کی جائے گی جس کی روشنی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی بروئے کار لائی جائے گی ۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا تھا کہ زیادہ کرپشن ہو گی تو زیادہ مقدمات رجسٹرڈ ہوں گے۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب شفاف احتساب کے عمل پر یقین رکھتی ہے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہم نے ہر ماہ کی آخری جمعرات کو سائلین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔انہوں ںے کہا تھا کہ نیب شفاف اور یکساں احتساب کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کامیابیوں کا کریڈٹ نائب قاصد سے چیئرمین تک سب کو جاتا ہے۔ سب کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ مضاربہ کیس میں متاثرین کو رقوم کی واپسی جاری ہے۔ جن لوگوں نے نیب کے قوانین نہیں پڑھے وہ بھی تنقید کرتے ہیں جبکہ نیب ہر کیس کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے کر میرٹ پر فیصلہ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں