حکومت نے اپوزیشن سے تحریک اگلے سال تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سیاسی جماعتیں تین ماہ کے لیے جلسے جلوس ملتوی کریں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ درپیش ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے۔وفاقی وزیر نے تحریر کیا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے نئے ایس اوپیز جاری کیے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ سیاسی جماعتیں 3 ماہ کے لیے جلسے جلوس ملتوی کر دیں، اپوزیشن بھی تحریک اگلے سال تک ملتوی کر دے، زندگی کا احترام کریں۔دوسری جانب وزیر صحت پنجاب

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے ایک ہفتے کے دوران کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے سے کورونا پھیلنےکا خدشہ ہے، تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں عام اجتماعات پر پابندی ہے، محکمہ صحت نے عام اجتماعات کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے ہیں، عوام سے اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔خیال رہے کہ اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک بھر میں جلسے جلوسوں کا اعلان کر رکھا ہے اور پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گجرانوالہ میں ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں