وزیراعظم کا لیگی رہنما پر’’ تنظیم سازی‘‘ کے حوالے سے طنز، طلال چوہدری کا شدید ردعمل آگیا

لاہور(نیوز ڈیسک)لیگی رہنما طلال چوہدری کی جانب سے خاتون ایم این اے کے بھائیوں سے جھگڑے کے معاملے پر وزیراعظم کے طنز پر شدید ردِعمل دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز خطاب کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر تنقید کی تھی۔وزیراعظم نے لیگی رہنما کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک لیگی رہنما رات کے 3 بجے خاتون ایم این اے کے گھر پر تنظیم سازی کے لیے پہنچ گیا،پھر جب خاتون ایم این اے کے بھائیوں نے مارا تو پھر پوچھتا پھرتا تھا کہ انہوں نے مجھ پر ہاتھ کیوں اٹھایا۔وزیراعظم کے اس بیان کے بعد طلال چوہدری کا ردعمل سامنے آ گیا،مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے رد عمل کا اظہار کرتےہوئے کہا

ہےکہ وہ ہر حملے کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔ٹوئٹر پرجاری بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان کے بعد حق بجانب ہوں کہ کیلی فورنیا سے پاک پتن تک تمام کہانیاں لوگوں کے سامنے رکھوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، انہوں نے ان پر ذاتی حملہ کرکے یہ ثابت کردیا کہ آج بڑے عہدوں پر چھوٹی سوچ کے لوگ مسلط ہیں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جس حکومت کو سیاسی مخالف کو اسکینڈلائز کرنے کے لیے خواتین کا نام چاہیے ہو اس پرترس کھایا جاسکتا ہے، عمران خان کا یہ اوچھا حملہ ثبوت ہے کہ اپوزیشن ان کے اعصاب پر سوار ہے ان کے ہر حملے کا بھرپور طریقے سے جواب دوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں