ٹک ٹاک پر پابندی، ماہرین کی حکومت پر شدید تنقید

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈیجیٹل میڈیا ایکسپرٹ اسد بیگ نے ٹک ٹاک پر پابندی کو انتہائی نقصان دہ اور غیر مناسب اقدام قرار دے دیا۔ حکومت کی طرف سے ٹک ٹاک پر پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک پر پابندی سے بہت نقصان ہوگا، اگر ہماری طرف سے موبائل فون ایپلی کیشن کا مثبت استعمال نہیں کیا گیا تو یہ ٹک ٹاک کا نہیں بلکہ ہمارا مسئلہ ہے، حکومت کی طرف سے اس کا حل یہ ڈھونڈا گیا کہ اس کو بند ہی کردیا گیا، یہ تو وہی بات ہوگئی کہ اپنی شکل پسند نہ آنے پر کوئی شیشہ ہی توڑ دے، لہٰذا میرے خیال میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ

انتہائی غیر مناسب اقدام ہے، ہم صرف غیر موزوں اور غیر اخلاقی کی رٹ میں پھنس گئے ہیں، میرے خیال سے اس کی وجہ سے ہم اپنا بہت زیادہ نقصان کر رہے ہیں، کیوں کہ اس اٹریٹیجک اہمیت کو بھی دکھنا ہوگا، امریکا اور بھارت نے ٹک ٹاک کو اس لیے بند کیا کیوں کہ ان کے چین کے ساتھ مسائل ہیں، ہماری طرف سے یہ پابندی کہیں غیر ارادی طور پر یہ پیغام تو نہیں کہ ہمیں بھی ان سے کوئی مسائل ہیں، جس کے ہماری خارجہ پالیسی پر بھی اثرات ہوسکتے ہیں،شاید یہ فیصلہ کرنے سے پہلے حکومت کی طرف سے زیادہ سوچا نہیں گیا۔دوسری طرف پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے پابندی لگانے کے بعد جنت مرزا نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں اس وقت جاپان میں ہوں اور مجھے پاکستان سے کال آئی تھی کہ وہاں ٹک ٹاک پر پابندی لگادی گئی ہے۔پاکستانی ٹک ٹاکر نے کہا کہ میری نظر میں یہ ایک بہت اچھا قدم ہے کیونکہ گزشتہ کچھ دنوں سے ٹک ٹاک پر کافی زیادہ بدتمیزی ہورہی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ عارضی طور پر بند کی گئی ہے تو میرے خیال سے اب قواعد و ضوابط کے ساتھ ہی ٹک ٹاک پر سے پابندی ہٹائی جانی چاہیے۔جنت مرزا کا کہنا تھا کہ اگر ٹک ٹاک پر مستقل پابندی عائد کی گئی تو یہ مناسب نہیں ہے کیونکہ ٹک ٹاک پر کافی لوگ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے تھے، انہیں مختلف آفرز مل رہی تھیں اور وہ اپنا کیریئر بنارہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں