’’عمران خان کو مائنس ہونے سے اب کوئی نہیں روک سکتا‘‘

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان صاحب کو بہرحال کسی ایک جماعت کے ساتھ سمجھوتہ کرنا پڑے گا اور وہ جماعت پیپلزپارٹی ہے ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر نے کیا ۔ اردو روزنامہ دنیا کے لیے لکھے گئے اپنے ایک کالم میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے حکومت مخالف تحریک کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی ضد دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کو ایک کر سکتی ہے اور اگر دونوں ایک ہوگئے تو پھر عمران خان صاحب کو مائنس ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا ۔صحافی صابر شاکر کے مطابق پی ڈی ایم کے پاس اس وقت

تمام لوازمات موجود ہیں ، موجودہ صورتحال میں سیاسی‘ قومی‘ علاقائی‘ مذہبی، ان سب کو اکٹھا ہونے سے روکنا ہی تحریک انصاف کی حکومت کی اصل کامیابی ہو گی لیکن موجودہ حکومت کی سب سے بڑی اپوزیشن مہنگائی ہے۔دوسری طرف ملکی سیاست میں استعفوں کی گونج ہے اورلیگی رہنما اس بات پر تذبذب کا شکار ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی استعفے دے گی یا نہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ84 ارکان استعفے دیں گے، پھر دیکھتے ہیں کون الیکشن کراتا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر ایاز صادق کہتے ہیں قیادت نے فیصلہ کیا تو ننانوے فیصد ارکان استعفیٰ دیں گے۔ہم نیوز کے پروگرام ’’بڑی بات عادل شاہ زیب کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہوسکتا ہے کچھ غیرنظریاتی لوگ مستعفی نہ ہوں۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے ارکان مستعفی نہ ہوئے تو وہ ان کا فیصلہ ہے، کسی بھی جماعت کو مجبور نہیں کرسکتے۔ میزبان عادل شاہ زیب کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مارچ میں ہونے والے سینیٹ الیکشن کی فکر نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں