محمد زبیر نواز شریف مریم نواز کے ترجمان مقرر

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز شریف کا ترجمان مقرر کردیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’محمد زبیر پارٹی قائد اور مریم نوازشریف سے متعلق ترجمانی کی ذمہ داری انجام دیں گے’۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کی مرکزی ترجمان اور سینٹرل انفارمیشن سیکریٹری کی سربراہی میں سپوکس پرسنز کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ’ڈاکٹر مصدق ملک، محسن رانجھا، طلال چوہدری، عظمٰی بخاری اور عطااللہ تارڑ شامل ہیں‘۔نواز شریف اور مریم نواز کے نومنتخب ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کل پریس کانفرنسز کا ماحول ہے۔

نواز شریف ابھی تقریر ختم کر ہی رہے تھے کہ ہلچل مچ گئی جبکہ ہمیں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد حکومتی پریشانی کا اندازہ تھا لیکن اتنی ہو گی یہ نہیں معلوم تھا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے اور معیشت کس طرف جا رہی ہے؟ اس کا کسی کو احساس نہیں ہے۔محمد زبیر نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، فیصل واوَڈا، شہبازگل اور دیگر وزرا آئے روز پریس کانفرنسز کرتے نظر آتے ہیں لیکن وزرا نے کسی ایک پریس کانفرنس میں بھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔ حکومتی وزرا کے خوف میں اتنی شدت ہے ہمارا آدھا کام تو ایسے ہی ہو گیا۔نواز شریف کی اے پی سی کی تقریر سے متعلق انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اے پی سی میں کھل کر تقریر کی کیونکہ ملک کی خدمت کرنے والوں کو غدار کہا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں