ن لیگ کا شہباز گل سے معافی مانگنے کا مطالبہ، سنگین الزامات لگاتےہوئے مناظرے کا چیلنج کردیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل سے معافی کا مطالبہ کردیا ، بصورت دیگر ان کے گھر کے گھیراؤ کی دھمکی دے دی ۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ شہباز گل نے معافی نہ مانگی تو ان کے گھر کا گھیراؤ کریں گے، معاون خصوصی غداری کے سرٹیفکیٹ دینا بند کریں ، کیا چیز آپ کو مناظرے سے روک رہی ہے، شہباز گل بیرون ملک سے تنخواہ وصول کر رہے ہیں ، شہباز گل کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں ، ہم آپ کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو این آر او دیا گیا ، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سارے کرداروں سے واقف ہیں ، لیگی رہنماؤں پر نیب کے ذریعے دباؤ ڈالا جا رہا ہے ، جب کہ اثاثہ جات کیس میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا تھا کہ کسی کے خلاف غداری کی باتیں کرنا مناسب نہیں لگتا ، لیکن نوازشریف نے اپنے بیانات سے ظاہر کیا کہ وہ غدار ہیں ، ن لیگ آج سازشی لیگ بن گئی ہے اور اداروں کے خلاف بول رہی ہے ، نوازشریف پاکستان کے دشمن نہیں ، چھوٹی سوچ کا کاروباری آدمی ہیں ، لندن میں انہوں نے جو ملاقاتیں کی ہیں وہ ہمیں پتہ ہے ، لیکن ہمیں نوازشریف سے کوئی سیاسی خطرہ نہیں ، تاہم ان کے بیانات کو ملک دشمن عناصر مذموم مقاصد کیلئے استعمال کریں گے ، سابق وزیراعظم نے گزشتہ منگل کو جس سفارتخانے میں ملاقاتیں کیں ہمیں سب پتا ہے ، میرا مؤقف تھا نوازشریف کو تقریر کی اجازت نہ دی جائے، کیوں کہ مستقبل میں نوازشریف کی باتوں سے ملک کو نقصان ہوگا ، اور 10ماہ بعد بات چلے گا کہ ان تقریروں کا کیا نقصان ہوا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں