نواز شریف نے بہت منت سماجت کی لیکن ’’وہ‘‘نہیں مانے، اب کھیل شروع ہوچکا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نوازشریف جتنی منت سماجت کرسکتے تھے انہوں نے کی ، جتنا سمجھوتہ کرسکتے تھے کیا ، اب ان کا کھیل یہ ہے کہ کسی نہ کسی طرح عدلیہ میں تقسیم کی جائے ، اور فوج کو بھی تقسیم کیا جائے، ان خیالات کا اظہار تجزیہ کار ہارون رشید نے کیا ۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے ساتھ اور بھی بہت سے لوگ نوازشریف کے لیے منت سماجت کا کام کرتے رہے، ایک بھائی کو اسی کام پر لگائے رکھا، لیکن اب وہ تھک گئے ہیں، اوراب ان کا کھیل یہ ہے کہ کسی نہ کسی طرح عدلیہ میں تقسیم کی جائے، جس کا انہیں تجربہ بھی ہے،

جسٹس سجاد علی شاہ کا واقعہ سب کو یاد ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی تقسیم کیا جائے، جس کے بارے میں صدر غلام اسحاق خان نے جنرل کاکڑ سے کہا تھا کہ نوازشریف نے فوج کے بریگیڈیئر رینک سے اوپر کے 52افسران کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی، اسی طرح فوج کے اندر اب بھی ان کی کوشش ہے کہ تقسیم کی جائے، پرویز رشید کی طرف سے دو پیغامات کیے گئے ہیں، ان کی خواہش یہ ہے کہ اب اور کچھ نہیں ہوسکا تو ملک میں افراتفری ہو، لیکن فوری طور پر تو ان کی کامیابی کا امکان نظر نہیں آتا۔تجزیہ کار ہارون رشید نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی سلطنت چھن چکی ہے، ان کا کسی قسم کا کوئی امکان بھی نہیں ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں دوبارہ کبھی حکومت بنا سکیں، جس کا انہوں نے2013ء میں خواب دیکھا، جب کہ 2018ء کے الیکشن میں تو بہت ہی بڑی تباہی آئی، جس کی وجہ سے بہت بری طرح سے انتقام کا جذبہ ان پر سوار ہے، عمران خان کا بھی وہ بلکل کسی طرح کا لحاظ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ایک کھیل اب پوری طرح سے شروع ہوچکا ہے، اگر وزیراعظم عمران خان نے اس پر کوئی چھوٹی سی بھی غلطی کی تو مناسب نہیں ہوگا، ایوب خان نے بہت سے لوگ گرفتار کیے، ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور میں کیے، مشرف کے زمانے میں بھی ایسا ہوا کہ بہت سے پابندیاں لگیں، اس لیے ایسا کرنا تو ٹھیک نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں