ملک میں احتساب و انصاف ہوتا توشہباز شریف نہیں عاصم باجوہ گرفتار ہوتے: مریم نواز

لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی کے خلاف استعمال ہونے سے انکار کر دیا تھا اس لیے انہیں گرفتار کیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی، شہباز شریف آپ کو سلام۔نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگر ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف

نہیں عاصم سلیم باجوہ گرفتار ہوتے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مخالف آواز کو بند کیا جا رہا ہے، نیب نے عمران خان کے حکم پر شہباز شریف کو گرفتار کیا، شہباز شریف کی گرفتاری اے پی سی کو مفلوج کرنے کے لیے ہے۔مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کا فیصلہ کر لیا ہے، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ایک ایک چیز کا مقابلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی پروگرام کی شروعات آج سے ہو گئی ہے، آج سے اے پی سی کے لائحہ عمل پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا ظفرالحق نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے۔راجا ظفرالحق کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کے ساتھ یہ سلوک ملک کو ایک نئی آزمائش میں گرفتار کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جس کے بعد نیب نے شہباز شریف کوحراست میں لے لیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لیا اور روانہ ہو گئی۔ نیب کی ٹیم شہباز شریف کو لے کر نیب لاہور آفس پہنچ گئی۔ نیب آفس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق طبی ماہرین نے شہباز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر لیول اور دیگر چیک اپس کیے۔نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے لیے کورونا ایس او پیز عمل درآمد کیاجائے گا۔ دوران تفتیشی نیب افسران اور شہباز شریف کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ ہو گا۔نیب کا کوئی بھی افسر بغیر ماسک شہباز شریف سے ملاقات نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں