فلسطین کے بعد قطر نے بھی عرب لیگ کی صدارت قبول کرنے سے انکار کر دیا

دوحا (مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین کی جانب سے عرب لیگ کی صدارت قبول کرنے سے انکار کے بعد قطر نے بھی عرب لیگ کے 154 ویں وزارتی کونسل کی صدارت قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوحا نے عرب لیگ کے 154 ویں وزارتی اجلاس کی صدارت قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ قطر آئندہ سال مارچ میں لیگ کے 155 ویں اجلاس کی صدارت کرے گا۔خیال رہے کہ عرب لیگ کے اجلاس اس کے ارکان ممالک کے ناموں کے ھجو کی ترتیب سے منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس بار عرب لیگ کا وزارت خارجہ سطح کا اجلاس فلسطین کی زیرصدارت ہونا تھا مگر فلسطین نے بعض عرب ملکوں کے اسرائیل کے

ساتھ تعلقات کے قیام کے فیصلوں کیخلاف بطور احتجاج عرب لیگ کے سیشن کی صدارت قبول کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد عرب لیگ کے ہیڈ کوارٹر نے قطر سے کہا کہ وہ وزارتی اجلاس کی صدارت سنبھالے۔گذشتہ منگل کو فلسطین نے عرب لیگ کے اجلاس کی صدارت قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ فلسطین کی طرف سے انکار کا محرک عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ جاری تعلقات بتایا جاتا ہے۔فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کی طرف سے اسرائیل کےساتھ امن معاہدوں کے بعد فلسطین عرب لیگ کی صدارت قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین اور امارات نے عرب لیگ کے فیصلوں کی توہین کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں