مجھے یہاں ’’تنظیم سازی ‘‘کیلئے بلایا گیا تھا ،طلال چوہدری کی ویڈیو سامنے آگئی

فیصل آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر تشدد کے بعد کی ویڈیو سامنے آ گئی۔تفصیلات کے مطابق 23 ستمبر کی رات طلال چوہدری نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی۔یہ واقعہ 23 ستمبر کی رات عبداللہ گاڑدن میں پیش آیا جو کہ ایم این اے عائشہ رجب کے گھر کے قریب ہے،عائشہ رجب نے بھی پولیس کو کال کر کے ڈکیتی کی اطلاع دی۔خاتون ایم این اے نے نامعلوم افراد کے گھر میں گھسنے کی اطلاع دی۔طلال چوہدری نے بھی 15 پر کال کر کے ڈکیتی کی اطلاع دی اور مدد مانگی، جب پولیس موقع پر پہنچی تو طلال چوہدری زخمی پڑے تھے۔اب طلال چوہدری پر تشدد کے بعد کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

ویڈیو میں طلال چوہدری بتاتے ہیں کہ میرا بازو ٹوٹ گیا ہے،میرا موبائل فون چھین لیا گیا ہے۔ایس پی صاحب کو بلائیں،انہوں نے میرا بازو توڑ دیا ہے۔انہوں نے مجھے تنظیم سازی کرنے کے لیے تین بار فون کر کے بلایا۔ان کو بلائیں،ان کی خواتین کے نمبر لیں۔انہوں نے میری ویڈیوز بھی بنائی ہیں،بتایا گیا ہے کہ طلال چوہدری پر تشدد رات کے ڈھائی بجے کیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب کے بھائیوں نے طلال چوہدری پر دھاوا بول دیا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔تاہم طلال چوہدری کے بھائی بلال چوہدری نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کے حوالے سے جھگڑے کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 4 روز قبل رات کے وقت 4 افراد نے ہاتھا پائی اور زدو کوب کیا۔ طلال چوہدری پر کینال روڈ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔طلال چوہدری کو معمولی چوٹ آئی ہے۔طلال چوہدری لاہور کے نجی اسپتال میں داخل ہیں،جلد میڈیا سے بات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عائشہ رجب سے دست درازی اور رشتہ داروں کے تشدد کی خبروں میں صداقت نہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ احسن اقبال اور مریم اورنگزیب سے اس متعلق دو بار سوال کیا،دونوں نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ احسن اقبال نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں