فوج کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہے، ناکارہ، نکھٹو لوگوں کو منتخب کر لیتی ہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فوج کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہے، ناکارہ، نکھٹو لوگوں کو منتخب کر لیتی ہے، نواز شریف کو وزیر ایکسائز بننے سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا، ملاقاتوں والا معاملہ ختم کر رہا ہوں لیکن اگر کسی نے غلط بات کی تو پھر سے سب کو ایکسپوز کر دوں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر اپوزیشن رہنماوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کو وزیر ایکسائز بننے سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا،

انہیں سامنے لانے میں فوج بھی ذمے دار ہے۔ فوج کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہے، ناکارہ، نکھٹو لوگوں کو منتخب کر لیتی ہے۔جبکہ بلاول مجھ سے متعلق زیادہ باتیں نہ کرے، اس کی والدہ اگر زندہ ہوتی تو اسے بتاتیں کہ شیخ رشید کون ہے۔ وزیر ریلوے کا مزید کہنا ہے کہ خفیہ ملاقاتوں کا معاملہ اب ختم کرنے جا رہا ہوں، مجھے اور بھی بہت کام ہیں، لیکن اپوزیشن والے اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو پھر سب کو ایکسپوز کر دوں گا۔اپوزیشن رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’بعض وقت میں باہر انتظار کرتا رہتا ہوں کیونکہ آپ کی ملاقات طویل ہوجاتی ہے‘۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں منہگائی ہے، کیسے انکار کروں کہ منہگائی نہیں ہے، سپریم کورٹ کے کہنے کے باوجود ریلوے کے ملازمین کو نہیں نکالا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پہلے بھی نواز شریف کو مروایا اب بھی مروائیں گی، اپوزیشن والے یہ نہ استعفے دیں گے، نہ دھرنا، نہ عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ’فوج ڈیموں کی تعمیر، کورونا سے جنگ اور سیلاب میں ساتھ کھڑی ہوتی ہے، مجھے فخر ہے میں پاک فوج کا ترجمان ہوں، یہ تم ہو جو داتا دربار نہیں جاتے، گولڈن ٹیمپل چلے جاتے ہو، چور، ڈاکو جنہوں نے ہمیں لوٹا ہے سب جیل میں ہوں گے‘۔انہوں نے کہا کہ جن فلیٹوں سے خطاب کررہےہیں، یہ لوگوں کا پیسہ ہے، عمران خان کی قیادت میں اس مافیا کو شکست ملے گی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے برے دن ہیں۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ چاہیں تو مشرف کا سارا کھاتا بھی آؤٹ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں