سبزی فروش نوجوان نے میڑک کے امتحان میں ریکارڈ بنادیا

شیخوپورہ (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں ایک سبزی فروش مسیحی طالب علم نے اپنے اسکول کی تاریخ میں سب سے زیادہ نمبر لینے کا ریکارڈ بنا دیا ، روحان اشفاق نے میٹرک کے امتحانات میں 1100 میں سے 1033 نمبر حاصل کیے ، جو ان کے اسکول کی تاریخ میں کسی بھی طالب علم کے سب سے زیادہ نمبر ہیں ، روحان نے اپنے پسندیدہ مضمون ریاضی میں 150 میں سے 150 نمبر حاصل کیے ، علاقے کے کئی نجی کالجز نے روحان سے رابطہ کرکے مفت تعلیم کی آفر کردی ۔نجی خبر رساں ادارے ’اردو نیوز‘ سے گفتگو میں روحان اشفاق نے بتایا کہ ان کا تعلق انتہائی غریب خاندان سے ہے ،

وہ پانچ بہن بھائی ہیں جن میں روحان دوسرے نمبر پر ہیں ، پانچویں کے بعد اس نے تعلیم چھوڑ دی ، کیونکہ اس کے والد سبزی فروخت کرتے تھے تو وہ ان کا ہاتھ بٹانا تھا ، روحان کا بڑا بھائی اس وقت پڑھ رہا تھا تو اس نے سوچا اپنے والد کا ہاتھ بٹائے گا ، 2017 میں اس کے بھائی نے میٹرک مکمل کر لیا تو اس نے روحان پر زور دیا کہ سکول جائے جبکہ اس کا بڑا بھائی خود اپنے والد کا ہاتھ بٹانے لگا ، اس طرح اس نے آٹھویں جماعت میں داخلہ لے لیا ، جہاں اس نے دل لگا کے پڑھائی کی حالانکہ اس کی پڑھائی میں 2 سال کا وقفہ آ گیا تھا اور چیزیں مشکل تھیں لیکن وہ ہار ماننے کو تیار نہیں تھا ۔بتایا گیا ہے کہ روحان کے سکول کا نام گورنمنٹ لیاقت میموریل ٹیکنیکل ہائی سکول ہے ، طالب علم کے مطابق اسے بہت اچھے استاد ملے ، جن سے اس نے بہت کچھ سیکھا البتہ ایک دو استاد تھے جو زیادہ حوصلہ افزائی نہیں کرتے تھے ، تاہم وہ ایسا اکیلے اس کے ساتھ نہیں بلکہ سب بچوں کی حوصلہ شکنی کرتے تھے ، وہ یہ تک کہہ دیتے تھے کہ تم نے بھی سبزی کی ریڑھی ہی لگانی ہے اور کیا کرنا ہے لیکن اس نے کسی بات کو کبھی دل پر نہیں لیا ۔ ایک سوال کے جواب میں مسیحی طالب علم نے کہا کہ انہیں مذہبی اعتبار سے کبھی پریشانی نہیں اٹھانی پڑی ، ایک دو بار چھوٹے موٹے واقعات کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ اتنے معمولی تھے کہ ان کا ذکر کرنا بھی مناسب نہیں ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں