سعودی عرب 25 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھرہے

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب آج اپنے قیام کے 90 سال پورے ہونے پر 90واں یوم الوطنی یعنی نیشنل ڈے منا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی حکومت کی جانب سے بھی سعودی فرمانروا کو مبارک باد کا پیغام دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔راجا علی اعجاز نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سعودی عرب کا مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سٹریٹیجک اتحادی ہیں جنہوں نے ہر مشکل دور میں کندھے

سے کندھا ملا کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں ملکوں کا عالمی معاملات پر ایک جیسا نقطہ نظر ہے۔سعودی عرب 25 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے ۔ اسی وجہ سے وہ سعودی مملکت اور عوام کے جذبہ میزبانی کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستانی عوام سعودی لیڈر شپ اور اپنے سعودی بھائیوں کے لیے بہت عزت و احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان سینکڑوں میل کا فاصلہ ہے مگر جذباتی طور پر دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ “ پاکستانی سفیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ سعودی لیڈر شپ کورونا کی وبا سے بہترین انداز میں نمٹ رہی ہے۔خادم حرمین شریفین کی جانب سے ایک شاہی فرمان کے تحت تارکین وطن بشمول پاکستانیوں کو کورونا کا مفت علاج کرنے کی جو سہولت فراہم کی گئی، اس پر پاکستانی حکومت اور عوام ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سعودی عرب نے کئی دہائیوں کی محنت سے عالمی برادری میں قابلِ قدر مقام حاصل کیا ہے۔ سعودی عرب کا سعودی وژن مملکت کی ترقی اور تیز ترین تبدیلی کا روڈ میپ ہے۔ پاکستان اس سعودی وژن میں مملکت کا پُرجوش ساتھی ہے۔ سعودی وژن کے مطلوبہ اہداف مکمل ہونے سے سعودی مملکت میں مزید خوشحالی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں