اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پولیس نے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد (وہاب علوی سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر سے پولیس نے چینل 24کے رپورٹر احتشام کیانی کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے چینل24 سے تعلق رکھنے والے صحافی احتشام کیانی کو مشتبہ شخص قرار دیکر تشدد کا نشانہ بنایا اور تھانہ رمنا منتقل کردیا۔صحافی احتشام کیانی اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل بیٹ رپورٹر ہیں اور روز کا آنا جانا ہے،آج بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز کی پیشی کہ موقع پر کوریج کیلئے آرہےتھے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخلے کے وقت گرفتار کرلیا گیا۔

عدالتی رپورٹنگ کرنے والے صحافی معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے علم میں لے آئے اور بتایا کہ پولیس حکام کہتے ہیں کہ رپورٹر کو ججز کی ہدایت پر گرفتار کیا گیا، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ ایسا کوئی حکم ہماری طرف سے نہیں دیا گیا ۔عدالت کے طلب کرنے پر ایس پی نے مؤقف اختیار کیا کہ رپورٹر نے راستے میں گاڑی کھڑی کی اور ہٹانے سے انکار کیا جس کی وجہ سے ججز کی گاڑیوں کے لیے راستہ بند ہوا۔ رپورٹر کی گاڑی نے لوگوں کی آمدورفت میں مشکلات پیدا کررکھی تھیں اور اپنی شناخت بھی ظاہر نہیں کی،متعلقہ شخص کو تفتیش کے لیے رکھا گیا ہے، عدالت نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگا کر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی احتشام کیانی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا، پولیس کا کہنا تھا کہ صحافی سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا، ایک چینل نے غلط خبر چلائی۔دوسری جانب متاثرہ رپورٹر احتشام کیانی نے بتایا کہ ایس پی زبیر شیخ کے حکم پر ان پر تشدد کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں