خانہ کعبہ کو معطر کرنے اور غلاف کی صفائی کاایمان پرور فریضہ مکمل ہو گیا

مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک)خانہ کعبہ دُنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام ہے۔ خدا کے گھر کی صفائی اور تطہیر کا عمل دن میں کئی بار دُہرایا جاتا ہے۔ حرم شریف کوبھی ہر وقت معطر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد حجر اسود اور ملتزم (کعبے کا احاطہ) کو بھی معطر کرنے اور غلاف کعبہ کی صفائی کا عمل بھی کیا جاتا ہے۔گزشتہ روز بھی غلاف کعبہ کی صفائی اور حجر اسود اور دیگر متبرک مقامات کو معطر کرنے کی رُوح پرور تقریب ہوئی۔ جس میں حرمین شریف کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ اور امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداالرحمن السدیس نے بھی حصہ لیا۔

شیخ السدیس نے اپنے ہاتھوں سے حجر اسود کو معطر کرنے کا فریضہ انجام دیا۔ خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے عمل میں مسجد الحرام کی انتظامیہ کے سیکرٹری الحرام احمد المنصوری اور سیکریٹری برائے انتظامی و مالی امور ڈاکٹر سعد اور ڈیوٹی ڈائریکٹر حمود العیادہ بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر خانہ کعبہ کے غلاف کو بھی معطر کیا گیا۔ جبکہ حجر اسود اور ملتزم کو بہترین خوشبویات سے معطر کرنے کے عمل میں شیخ عبدالرحمن السدیس نے بھی حصہ لیا۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سے احاطہ حرم مکی کو معطر کرنے کے لیے خوشبویات کا ایک الگ ادارہ قائم ہے جو وقتاً فوقتاً خانہ کعبہ کو معطر کرنے کا عمل دُہراتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حج سیزن کے اختتام پر غلاف کعبہ کا اُٹھا ہوا حصہ نیچے کرنے کی متبرک تقریب ہوئی جس میں 40 ماہرین کی ٹیم نے حصہ لیا۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حج موسم ختم ہونے پر غلاف کعبہ کا اٹھا ہوا حصہ اتار کر شاذروان کے سونے کے ہکس سے باندھ دیا۔ شروعات شاذروان کے سونے کے ہک نصب کرکے کی گئی۔ غلاف کعبہ اور حلقوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے لیے رسی کا انتظام کیا گیا۔اگلے مرحلے میں تین میٹر اٹھا ہوا غلاف نیچے کیا گیا اور پھر اسے سونے کے ہک سے باندھ دیا گیا۔ اس کے بعد غلاف کعبہ کی صفائی کا اہتمام کیا گیا۔ حجر اسود اور رکن یمانی کے فریم لگائے گئے۔ یہ سارے امور باریک بینی سے انتہائی مہارت انجام دیے گئے۔ واضح رہے کہ ہر سال حج کے موقع پریکم ذی الحجہ کو غلاف کعبہ تین میٹراوپر اُٹھایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد حج کے دوران غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔ حج کے بعد غلاف کو کعبہ کے نچلے حصے شاذروان سے دوبارہ جوڑ دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں